طلبہ اور والدین کو کسی مخصوص دکان یا ادارے سے اسٹیشنری، کتابیں یا یونیفارم خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے، پیسرا

62

مانسہرہ نیوز ڈیسک : پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی (KP-PSRA) نے صوبے بھر کے تمام نجی اسکولوں کو سختی سے ہدایت جاری کر دی ہے کہ طلبہ اور والدین کو کسی مخصوص دکان یا ادارے سے اسٹیشنری، کتابیں یا یونیفارم خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

اتھارٹی کی جانب سے 18 دسمبر 2025 کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی رولز اینڈ ریگولیشنز 2018 کی شق 7(4)(5) کے تحت کسی بھی اسکول کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ والدین یا طلبہ کو کسی خاص آؤٹ لیٹ سے اشیاء خریدنے کا پابند بنائے۔

پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق اس حوالے سے متعدد نجی اسکولوں کے خلاف شکایات موصول ہو رہی تھیں، جس پر منیجنگ ڈائریکٹر نے معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اتھارٹی نے تمام نجی اسکولوں کو حکم دیا ہے کہ وہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ مزید یہ کہ اس نوٹیفکیشن کو KP-PSRA کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کرنے اور تمام نجی اسکولوں تک پہنچانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں