بٹگرام میں ضلعی پولیس سربراہ قمر حیات خان (PSP) نے رات گئے تھانہ کوزہ بانڈہ کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ضلع بھر میں جاری ہائی الرٹ صورتحال کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور پولیس کی پیشہ ورانہ تیاری کو یقینی بنانا تھا۔



ڈی پی او نے تھانے کے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور بیرئیرز کا معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ گارڈ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی چیکنگ کرتے ہوئے ان کی حاضری، الرٹنس اور ڈیوٹی کے معیار کا جائزہ لیا۔ اسلحہ، بلٹ پروف جیکٹس، کمیونیکیشن سسٹم اور سرکاری گاڑیوں کی دستیابی اور حالت کو بھی تفصیل سے چیک کیا گیا۔
انہوں نے حوالات، ریکارڈ روم اور محرر آفس کا دورہ کرتے ہوئے ریکارڈ کی درستگی اور صفائی ستھرائی کا بھی معائنہ کیا۔ ڈی پی او نے تھانے کے ایس ایچ او اور دیگر افسران سے سیکیورٹی پلان، گشت کے نظام اور ناکہ بندیوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔
اس موقع پر قمر حیات خان نے افسران و جوانوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں سیکیورٹی مزید سخت کی جائے، مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور رات کے اوقات میں موبائل گشت کو مؤثر اور منظم بنایا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ تھانوں کی سطح پر الرٹنس میں کسی قسم کی کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور شہریوں کے ساتھ بہتر روابط قائم رکھیں تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
بٹگرام: ڈی پی او قمر حیات خان (PSP) کا رات گئے تھانہ کوزہ بانڈہ کا اچانک دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ.
16