ایبٹ آباد: ضلع ایبٹ آباد میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نمازیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے نمازِ تراویح کے اوقات میں شہر کی مختلف بڑی اور مرکزی مساجد کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او نے مساجد کے داخلی و خارجی راستوں، اطراف میں قائم سکیورٹی پوائنٹس، پارکنگ ایریاز اور گشت پر مامور پولیس نفری کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود افسران و جوانوں کی حاضری، الرٹنس اور سکیورٹی چیکنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔
ڈی پی او نے پولیس اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ مشکوک افراد اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں، چیکنگ کے عمل کو مؤثر بنائیں اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور نرمی سے پیش آئیں تاکہ عوام میں احساسِ تحفظ مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ عبادات کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پولیس کی اولین ترجیح ہیں اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ ایس ایچ اوز اور افسران کو ہدایت کی کہ مساجد کے اطراف موبائل اور پیدل گشت میں اضافہ کیا جائے، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس یقینی بنایا جائے اور جدید کمیونیکیشن نظام کے ذریعے آپس میں مسلسل رابطہ رکھا جائے۔






ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ضلع میں امن و سکون کی فضا برقرار رہے۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کا نمازِ تراویح کے دوران مساجد کا اچانک دورہ، سکیورٹی انتظامات مزید سخت.
23