ایبٹ آباد شہر میں تاجروں اور عوام الناس کو درپیش ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان کی قیادت میں ایک مثبت اور مؤثر اقدام اٹھایا گیا ہے۔ شہری سہولت اور بازاروں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے مقصد سے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔


ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی سرکل سٹی سراج خان نے ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب قائم نئے کینٹ پلازہ کی گراؤنڈ فلور میں ایبٹ آباد کینٹ بورڈ کے تعاون سے باقاعدہ موٹر سائیکل پارکنگ ایریا فعال کر دیا ہے۔ اس پارکنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جہاں تاجروں اور دکانداروں کے لیے مناسب اور محفوظ پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد بازاروں، سڑکوں اور گلیوں میں بے ترتیب کھڑی موٹر سائیکلوں کو منظم انداز میں مخصوص پارکنگ ایریا میں منتقل کرنا ہے۔ ماضی میں بازاروں کے اطراف غیر منظم پارکنگ کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات، ٹریفک جام اور پیدل چلنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ نئی پارکنگ سہولت سے نہ صرف بازاروں میں کشادگی پیدا ہوگی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی اور ہنگامی صورتحال میں ریسکیو گاڑیوں کی نقل و حرکت میں بھی آسانی ہوگی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے ایبٹ آباد کے معزز تاجروں، دکانداروں اور شہریوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی موٹر سائیکلیں صرف مقررہ پارکنگ ایریا میں ہی کھڑی کریں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری تعاون کے بغیر کسی بھی نظام کو مؤثر بنانا ممکن نہیں، لہٰذا اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ اقدام ایبٹ آباد شہر میں ٹریفک نظم و ضبط کو مضبوط بنانے اور ایک صاف، منظم اور سہولت بخش کاروباری ماحول کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایبٹ آباد میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے اہم اقدام — تاجروں کے لیے باقاعدہ موٹر سائیکل پارکنگ کا قیام.
25