ایبٹ آباد: محکمہ پولیس میں کانسٹیبل کی خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے سینکڑوں نوجوانوں نے ایٹا ٹیسٹ پاس کر لیا ہے، جبکہ دستیاب سیٹوں کی تعداد صرف 127 ہے۔ ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا، ہزارہ ڈویژن کے اراکینِ اسمبلی، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر سیٹوں میں اضافہ کیا جائے۔
امیدواروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتہائی محنت اور مشکل مراحل سے گزر کر پہلے فزیکل ٹیسٹ، دوڑ اور پھر ایٹا ٹیسٹ میں 40 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے ہیں۔ ایسے میں اگر سیٹیں کم ہونے کی وجہ سے انہیں نظر انداز کیا گیا تو ان کی ساری محنت ضائع ہو جائے گی۔ امیدواروں نے کہا کہ حکومت سیٹیں بڑھا کر ان نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے تاکہ ان کے گھروں کے چولہے جل سکیں۔
امیدواروں نے مزید کہا کہ پولیس بھرتی کے قواعد کے مطابق ایٹا ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو آئندہ آنے والی آسامیوں پر بھی 2026 کے آخر تک ترجیح دی جا سکتی ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ ہزارہ ڈویژن کے جس ضلع سے امیدوار ٹیسٹ پاس کر چکے ہیں وہاں سیٹیں بڑھا کر انہیں بھرتی کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوان بڑی امید اور محنت کے ساتھ اس مرحلے تک پہنچتے ہیں، لہٰذا انہیں اس مقام پر مایوس نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
ایبٹ آباد پولیس میں کانسٹیبل بھرتیوں کی سیٹیں بڑھانے کا مطالبہ.
26