ڈی پی او ہری پور کا مختلف تھانوں کا اچانک دورہ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیوں کا حکم 🚔

25

ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے ضلع کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانہ سرائے صالح، تھانہ پنیاں، تھانہ کوٹ نجیب اللہ اور تھانہ سٹی کا معائنہ کیا اور وہاں موجود افسران و اہلکاروں کی کارکردگی، ریکارڈ، حوالات اور تھانے کے دیگر انتظامی معاملات کو چیک کیا۔ اس موقع پر نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، چور چکار اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائیاں یقینی بنائیں۔











ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا تھانوں میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور پیشہ ورانہ انداز میں پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کو فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کے رشتے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے وہاں خصوصی حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ان مقامات پر گشت، ناکہ بندی اور سرچ آپریشنز کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے۔
ڈی پی او نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تھانہ جات میں صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھا جائے اور عوام کے لیے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات فروشوں، چوروں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔
رمضان المبارک کے آخری ایام کے پیش نظر انہوں نے پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے گشت، سنیپ چیکنگ اور ناکہ بندیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ عادی جرائم پیشہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ ضلع میں پائیدار امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں