📰 ایبٹ آباد / مانسہرہ: راجہ خان رضا ایس پی سکی کناری تعینات، چارج سنبھال لیا

20

ایبٹ آباد ( مانسہرہ_ڈاٹ_کام) — ہزارہ پولیس کے معروف اور باصلاحیت نوجوان پولیس آفیسر ڈی ایس پی راجہ خان رضا کو ترقی دیتے ہوئے ایس پی سکی کناری، ضلع مانسہرہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، جبکہ انہوں نے آج اپنے عہدے کا چارج باقاعدہ طور پر سنبھال لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راجہ خان رضا اس سے قبل ہزارہ ریجن کے مختلف سرکلز میں بطور ڈی ایس پی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں، امن و امان کے قیام اور عوام دوست پولیسنگ کے حوالے سے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ان کا شمار خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر، فرض شناس اور متحرک افسران میں کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکی کناری جیسے حساس اور اہم علاقے میں ان کی تعیناتی کو ایک مثبت اور بروقت فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے، جہاں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ہزارہ کے معروف صحافی وقاص باکسر سے گفتگو کرتے ہوئے ہزارہ یوتھ فورس کے صدر اور جنرل سیکرٹری نے کہا کہ راجہ خان رضا کی بطور ایس پی سکی کناری تعیناتی ایک بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے یہاں بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے اور علاقے میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ راجہ خان رضا کی قیادت میں سکی کناری پولیس عوام کے مسائل کے حل اور جرائم کے خاتمے میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گی۔
آخر میں ہزارہ یوتھ فورس اور علاقہ مکینوں کی جانب سے راجہ خان رضا کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں