ایبٹ آباد: سوئی نادرن گیس کمپنی نے ایبٹ آباد سمیت ہزارہ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں گیس فراہمی کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت گھریلو صارفین کو روزانہ مجموعی طور پر صرف سات گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی۔
جاری کردہ شیڈول کے مطابق گیس کی فراہمی صبح 6 بجے سے 8 بجے تک، دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک اور شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ باقی اوقات میں گیس بند رہے گی۔
سوئی گیس حکام کے مطابق یہ اقدام گیس کی محدود دستیابی اور طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہریوں نے نئے شیڈول پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محدود اوقات میں کھانا پکانے اور روزمرہ امور نمٹانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
خواتین کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی کے مقررہ اوقات کے مطابق پورے گھر کا شیڈول ترتیب دینا ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے، جبکہ متعدد شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی کے دورانیے میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آ سکے۔
ادھر سی این جی اسٹیشنز کو ان اوقات میں گیس فراہم نہیں کی جائے گی، جبکہ دیگر اوقات میں انہیں معمول کے مطابق گیس دستیاب ہوگی۔
شہریوں نے حکومت اور سوئی گیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس بحران کے مستقل حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو بار بار کی لوڈشیڈنگ اور محدود فراہمی کی مشکلات سے نجات مل سکے۔
ایبٹ آباد سمیت ہزارہ بھر میں گیس کی نئی لوڈشیڈنگ، گھریلو صارفین کو روزانہ صرف 7 گھنٹے گیس ملے گی.
21