ملک بھر میں مون سون الرٹ جاری، یکم جولائی سے موسلادھار بارشوں کا امکان، ہزارہ ڈویژن سمیت کئی علاقوں کے لیے وارنن.

21

اسلام آباد: پاکستان محکمہ موسمیات (PMD) نے مون سون 2026 کے پہلے طاقتور اسپیل کے حوالے سے ملک گیر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق 30 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جبکہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مرطوب ہوائیں اس موسمی نظام کو مزید شدت دیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 5 جولائی کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع، خصوصاً ہزارہ ڈویژن کے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں آندھی، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارش جبکہ بعض مقامات پر شدید موسلادھار بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، ٹانک، لکی مروت، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، کوہاٹ، کرم، خیبر، مہمند، اورکزئی، شمالی و جنوبی وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان بھی بارشوں سے متاثر ہوں گے۔
یکم سے 6 جولائی کے دوران آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور پنجاب کے متعدد دیگر اضلاع میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب میں 3 سے 6 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں یکم سے 4 جولائی جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع میں 3 اور 4 جولائی کو بارش متوقع ہے۔ گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بھی یکم سے 5 جولائی تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 2 سے 5 جولائی کے دوران مری، گلیات، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، درختوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے سیاحوں، مسافروں اور کسانوں کو احتیاط برتنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں