🌍 دبئی سفر کرنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، ویزا آن ارائیول کے نئے قواعد جاری.

26

دبئی (مانسہرہ ڈاٹ کام)
متحدہ عرب امارات (UAE) نے مخصوص شرائط پوری کرنے والے بھارتی پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزہ آن ارائیول (Visa on Arrival) کی سہولت میں توسیع کر دی ہے۔
اماراتی حکام کے مطابق یہ سہولت تمام بھارتی شہریوں کے لیے نہیں بلکہ مخصوص ممالک کے کارآمد ویزا یا رہائشی پرمٹ رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ہوگی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے مسافر کا پاسپورٹ متحدہ عرب امارات میں داخلے کے وقت کم از کم 6 ماہ تک کارآمد ہونا لازمی ہے۔
14 روزہ ویزہ آن ارائیول ان بھارتی شہریوں کو ملے گا جن کے پاس امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان، نیوزی لینڈ، سنگاپور یا جنوبی کوریا کا کارآمد ویزا یا رہائشی اجازت نامہ موجود ہو۔
اس ویزے کی فیس 100 اماراتی درہم مقرر کی گئی ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر اسے صرف ایک مرتبہ مزید 14 دن کے لیے 250 درہم فیس کے عوض توسیع دی جا سکتی ہے۔
اسی طرح، امریکہ کا گرین کارڈ یا مذکورہ ممالک میں سے کسی کا مستقل رہائشی پرمٹ رکھنے والے بھارتی شہری دبئی پہنچنے پر 60 روزہ سنگل انٹری ٹورسٹ ویزہ بھی حاصل کر سکتے ہیں، جس کی فیس 250 اماراتی درہم ہے۔ تاہم اس ویزے میں مزید توسیع کی اجازت نہیں ہوگی۔
اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف خلیجی ممالک جیسے سعودی عرب، قطر، بحرین، کویت یا عمان کے عام رہائشی ویزا رکھنے والے بھارتی شہری ویزہ آن ارائیول کے اہل نہیں ہوں گے۔ انہیں سفر سے قبل لازمی طور پر ای ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں