سوات (مانسہرہ ڈاٹ کام)
تحصیل خوازہ خیلہ کے تھانہ فتح پور کی حدود میں دریائے سوات کے مقام پیا جرے کے قریب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈوبتے ہوئے ایک سیاح کی جان بچا لی۔
پولیس کے مطابق دورانِ موبائل گشت اہلکاروں نے دیکھا کہ نثار ولد عبدالصمد، سکنہ ذخہ خیل، ضلع خیبر (پشاور) دریائے سوات میں نہاتے ہوئے پانی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ کر دریا کے درمیان پھنس گئے ہیں اور شدید خطرے میں ہیں۔
سیاح کو مصیبت میں دیکھ کر ہیڈ کانسٹیبل حمید اللہ اور کانسٹیبل عمر (نمبر 5791) نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دریا میں چھلانگ لگا دی۔ دونوں اہلکاروں نے تیز لہروں کا مقابلہ کرتے ہوئے سیاح کو بحفاظت کنارے تک پہنچایا اور بعد ازاں اسے اس کے رشتہ داروں کے حوالے کر دیا۔
تھانہ فتح پور کے ایس ایچ او سید رحمان کے مطابق دریائے سوات کے کنارے نہانے پر دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت اس عمل پر پابندی عائد ہے۔ واقعے کے حوالے سے قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پولیس نے عوام اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری حفاظتی احکامات پر عمل کریں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
🚨 دریائے سوات میں ڈوبتے سیاح کو پولیس اہلکاروں نے جان پر کھیل کر بچا لیا.
34