ٹوکیو: جاپان میں 15 سالہ ہائی اسکول کے ایک طالب علم کو مبینہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے سافٹ ویئر تیار کر کے سائبر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالب علم پر الزام ہے کہ اس نے بانڈائی نامکو فلم ورکس کی اسٹریمنگ سروس “بانڈائی چینل” کے خلاف سائبر حملے کے لیے ایک پروگرام تیار کیا، جس کے نتیجے میں سروس کے آپریشنز متاثر ہوئے اور 46 ہزار سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس ڈیلیٹ ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ نومبر 2025 میں پیش آیا، جبکہ ملزم پر کمپیوٹر سسٹم کے ذریعے دھوکا دہی کرتے ہوئے کمپنی کے کاروباری امور میں رکاوٹ ڈالنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ طالب علم نے پلیٹ فارم کے سکیورٹی نظام میں موجود کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا، جس کے باعث کمپنی کو اپنی اسٹریمنگ سروس کے بعض حصے عارضی طور پر معطل کرنا پڑے۔
دورانِ تفتیش طالب علم نے بتایا کہ اس نے کمپیوٹر کا استعمال چوتھی جماعت سے شروع کیا تھا اور حملے میں استعمال ہونے والے پروگرام کا بنیادی سورس کوڈ خود تیار کیا۔ اس کے بقول پروگرام کی پروسیسنگ میں زیادہ وقت لگنے کے باعث اس نے چیٹ جی پی ٹی سے مدد حاصل کی، جس نے مختلف پروگرامنگ زبانوں میں کوڈ مکمل کرنے میں اس کی معاونت کی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ اس کی بانڈائی نامکو فلم ورکس سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ اس نے پلیٹ فارم کو صرف اس لیے نشانہ بنایا کیونکہ وہاں بڑی تعداد میں ایسے اکاؤنٹس موجود تھے جن تک رسائی حاصل کی جا سکتی تھی۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ حملے کی نوعیت، استعمال ہونے والے سافٹ ویئر اور ممکنہ نقصانات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
جاپان: چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے سائبر حملے کا الزام، 15 سالہ طالب علم گرفتار.
24