ڈھوڈیال: گل میرا کے لیے منظور شدہ 2 ٹرانسفارمر ایک سال بعد بھی نصب نہ ہو سکے، شہری شدید گرمی میں بجلی سے محروم .

25

ڈھوڈیال: گل میرا کے رہائشیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی جانب سے منظور کیے گئے دو ٹرانسفارمر ایک سال گزرنے کے باوجود نصب نہیں کیے جا سکے، جس کے باعث علاقے کے شہری بار بار ٹرانسفارمر جلنے اور طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقامی وفد کے مطابق گزشتہ رات یونیورسٹی انٹرچینج گل میرا کا ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہونے کے باعث جل گیا، جس کے بعد 18 گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی۔ شدید گرمی اور مچھروں کی بہتات کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈھوڈیال گل میرا سے تعلق رکھنے والے عالمزیب خان کی قیادت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفد نے دعویٰ کیا کہ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے علاقے کے لیے دو اضافی ٹرانسفارمر منظور کروائے تھے تاکہ اوور لوڈنگ کے باعث بار بار ٹرانسفارمر جلنے کا مسئلہ ختم کیا جا سکے۔ تاہم، ان کے بقول، یہ ٹرانسفارمر ایک سال قبل وصول کیے جانے کے باوجود آج تک پولز پر نصب نہیں کیے گئے۔
وفد نے مزید الزام لگایا کہ مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت کی باہمی چپقلش، کریڈٹ لینے کی کشمکش اور منصوبوں کے مشترکہ افتتاح کے انتظار نے عوامی مفاد کے اس منصوبے کو تاخیر کا شکار رکھا، جس کے نتیجے میں ایک ماہ قبل گل میرا بالاکوٹ روڈ کا ٹرانسفارمر بھی جل گیا تھا، جبکہ اب یونیورسٹی انٹرچینج کا ٹرانسفارمر بھی اوور لوڈنگ کے باعث خراب ہو چکا ہے۔
شہریوں نے واپڈا حکام اور عوامی نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منظور شدہ ٹرانسفارمر فوری طور پر نصب کیے جائیں تاکہ علاقے کے مکینوں کو بجلی کی مسلسل بندش سے نجات مل سکے۔
وفد نے کیپٹن (ر) محمد صفدر سے بھی مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں