دیامر میں سیلابی ریلوں سے بڑے پیمانے پر تباہی، شاہراہِ قراقرم بند، مسافر پھنس گئے.

26

اسلام آباد: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں گزشتہ رات مختلف وادیوں میں آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جبکہ متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔
مقامی پولیس کے مطابق سیلابی ریلوں سے متعدد مکانات، درخت، فصلیں، رابطہ پل، پن چکیاں اور واٹر چینلز تباہ ہو گئے۔ چلاس میں گونر فارم نرسری کے قریب سیلابی ریلے کے بعد شاہراہِ قراقرم گزشتہ رات سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں، جبکہ پھنسے ہوئے مسافروں میں خواتین، بچے اور بزرگ بھی شامل ہیں، جنہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ مسافروں نے حکومت سے شاہراہِ قراقرم کو جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے، ملبہ ہٹانے اور سڑکوں و پلوں کی بحالی کے لیے امدادی و بحالی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں