ایبٹ آباد: شہر کے علاقے کریم پورہ میں واقع ایک بیکری کے کارخانے میں گیس سلنڈر پھٹنے کے افسوسناک واقعے میں شدید جھلسنے والے چار نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے تین نوجوان ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے، جبکہ چوتھا زخمی، جسے تشویشناک حالت میں مزید علاج کے لیے پشاور کے برن یونٹ منتقل کیا گیا تھا، وہ بھی دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ دھماکے کے باعث بیکری کے کارخانے کو بھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



اس افسوسناک سانحے پر اہلِ علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق نوجوانوں کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
🟥 ایبٹ آباد: کریم پورہ میں بیکری کے کارخانے میں گیس سلنڈر دھماکا، 4 نوجوان جاں بحق.
28