خانپور: خانپور ڈیم میں ایک اور افسوسناک حادثے کے دوران 21 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت سائل تنویر ولد تنویر کے نام سے ہوئی ہے، جو نیو مری، ضلع اسلام آباد کا رہائشی تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مرحوم اپنے دوستوں کے ہمراہ تفریح کی غرض سے خانپور ڈیم آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق نوجوان پمبالہ، دریائے ہرو میں نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کے بعد نوجوان کی نعش پانی سے نکال لی۔
ریسکیو اہلکاروں نے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال خانپور منتقل کر دیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق سائل تنویر اسلام آباد میں واقع منال ہوٹل میں ملازم تھا اور تعطیلات کے موقع پر دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے خانپور آیا تھا، تاہم یہ تفریح المناک حادثے میں تبدیل ہو گئی۔
واقعے کے بعد اہلِ خانہ میں کہرام مچ گیا، جبکہ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خانپور ڈیم اور دیگر آبی مقامات پر نہاتے وقت انتہائی احتیاط برتیں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
🟥 خانپور ڈیم پر ایک اور افسوسناک حادثہ، 21 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق.
30