دخترِ ہزارہ ماہم آصف ملک ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات، ہزارہ بھر میں خوشی کی لہر.

21

ایبٹ آباد: ہزارہ وال قوم کی ہونہار بیٹی اور ممتاز قانون دان مرحوم ایڈووکیٹ آصف ملک کی صاحبزادی محترمہ ماہم آصف ملک کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ تعینات کر دیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی پر ہزارہ بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی حلقوں نے انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو پوری ہزارہ وال قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
ماہم آصف ملک نے اپنی ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم آرمی برن ہال کالج فار گرلز، ایبٹ آباد سے حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے پاکستان کے انتہائی مسابقتی CSS امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے خیبر پختونخوا سے اعلیٰ پوزیشن کے ساتھ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) میں شمولیت اختیار کی۔
اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران وہ اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ، نارووال اور راولپنڈی سمیت مختلف اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ میں ایڈیشنل سیکرٹری (انٹرنل سکیورٹی) کے عہدے پر بھی ذمہ داریاں نبھاتی رہی ہیں۔
انتظامی امور میں ان کی بہترین کارکردگی، دیانت داری، قائدانہ صلاحیتوں اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے اعتراف میں انہیں اب ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے تجربے اور صلاحیتوں سے ضلع میں بہترین طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کی نئی مثالیں قائم کریں گی۔
ہزارہ وال قوم نے ماہم آصف ملک اور ان کے اہلِ خانہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مرحوم ایڈووکیٹ آصف ملک کی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں