پاکستان میں 440 ٹاورز پر فائیو جی سروس لانچ، انٹرنیٹ اسپیڈ میں بہتری آئی: چیئرمین پی ٹی اے.

19

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے کے اقدامات کے تحت 440 ٹاورز پر فائیو جی سروس لانچ کر دی گئی ہے، جبکہ انٹرنیٹ اسپیڈ کو اوسط درجے سے بہتر سطح پر لایا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ ماضی میں اسلام آباد سے باہر کئی علاقوں میں انٹرنیٹ کی رفتار نمایاں طور پر کم ہو جاتی تھی، تاہم اب صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے علاقے میں کبھی انٹرنیٹ کی رفتار صرف ایک ایم بی پی ایس تھی، جبکہ اب مختلف اقدامات کے نتیجے میں نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور 440 ٹاورز پر فائیو جی سروس شروع کی جا چکی ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے نے مزید بتایا کہ مئی کے دوران ملک میں اوسطاً 10 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض علاقوں میں یہ دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام ٹاورز کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ دینے کے لیے وزیراعظم کی ہدایت پر ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں