کراچی: پولیس نے ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد پر ڈکیتی اور مبینہ سہولت کاری میں ملوث ہونے کا شبہ ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے تین تلوار کے قریب بینک سے رقم نکلوانے والے 28 سالہ ڈاکٹر آکاش ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول ایک بینک سے رقم نکال کر دوسرے بینک جا رہے تھے کہ اسی دوران مسلح ملزمان نے انہیں لوٹنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے دوران بینک کے سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ملزمان نے بھی اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر ڈاکٹر آکاش جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر آکاش گزشتہ دو برس سے جناح اسپتال میں بطور ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور کیس کی جامع تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں پیش رفت، دو مشتبہ افراد زیر حراست.
31