شیخوپورہ: پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے کوٹ عبد المالک میں جائیداد کے تنازع نے خونی رخ اختیار کر لیا، جہاں مبینہ طور پر باپ نے فائرنگ کرکے اپنے بیٹے کو قتل جبکہ بہو کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم، جس کی شناخت قیصر خان کے نام سے ہوئی ہے، نے گھریلو تنازع کے دوران اپنے بیٹے شہروز پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی اہلیہ گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے خود کو بھی گولی مار لی، جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق شخص کی لاش سمیت دونوں زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق قیصر خان نے دو شادیاں کر رکھی تھیں اور اس کا اپنے بیٹوں کے ساتھ جائیداد کے معاملے پر عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
شیخوپورہ: جائیداد کے تنازع پر باپ کی فائرنگ، بیٹا جاں بحق، بہو زخمی.
21