کراچی: بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے میں حادثہ، شہری کا 17 کروڑ 87 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ.

19

کراچی: بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے دوران پیش آنے والے ایک مبینہ حادثے میں آنکھ ضائع ہونے پر شہری نے سندھ حکومت، منصوبے کی انتظامیہ اور متعلقہ کنٹریکٹر کے خلاف 17 کروڑ 87 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
سول عدالت کراچی شرقی میں دائر درخواست کے مطابق مدعی سید وقاص نے مؤقف اختیار کیا کہ مئی 2025 میں حج کی ادائیگی کے لیے ایئرپورٹ جاتے ہوئے ان کی گاڑی یونیورسٹی روڈ پر سڑک کے درمیان رکھے گئے بیریئر سے ٹکرا گئی۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق متعلقہ بیریئر پر نہ ریفلیکٹر نصب تھے اور نہ ہی کسی قسم کا وارننگ بورڈ موجود تھا، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں مدعی کی ایک آنکھ ضائع ہوگئی جبکہ چہرے کی ہڈیوں میں شدید فریکچر آئے۔ مزید کہا گیا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے دوران عوام کی حفاظت کے لیے ضروری حفاظتی انتظامات اور احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سندھ حکومت، بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی انتظامیہ اور متعلقہ کنٹریکٹر کو طبی اخراجات، بحالی، مستقل معذوری اور دیگر نقصانات کی مد میں مجموعی طور پر 17 کروڑ 87 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں