جہلم: جہلم میں ملازمت کا جھانسہ دے کر ایک خاتون کو مبینہ طور پر فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کو روہتاس روڈ پر واقع ایک مکان میں مبینہ طور پر قید رکھا گیا تھا، جہاں سے موقع ملنے پر وہ فرار ہو کر تھانہ صدر جہلم پہنچیں اور پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا۔
متاثرہ خاتون نے پولیس کو دیے گئے بیان میں الزام عائد کیا کہ اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر دھوکے سے ایک خاتون کے ہاتھ فروخت کیا گیا، جہاں اسے مبینہ طور پر زبردستی جسم فروشی پر مجبور کیا جاتا تھا۔
خاتون نے مزید الزام لگایا کہ مذکورہ خاتون کے دو بیٹے اور دو بھتیجے بھی انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا قانونی تقاضوں کے مطابق جائزہ لیا جا رہا ہے۔