پنجاب میں پہلی بار سیلاب کی پیشگی اطلاع کے لیے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز.

22

لاہور: پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ سیلاب کی بروقت پیشگی اطلاع اور مؤثر نگرانی کے لیے ڈرون مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر کے تمام اہم بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے سیلابی ریلوں کی بروقت آمد اور پانی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی ممکن ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ تریموں بیراج کی ڈرون مانیٹرنگ کے دوران پانی کی سطح معمول کے مطابق ریکارڈ کی گئی، جبکہ پاکپتن میں دریائے راوی اور دریائے ستلج میں بھی واٹر لیول کا جائزہ لیا گیا۔
اسی طرح سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق پایا گیا، جبکہ ہیڈ سدھنائی پر بھی ڈرون کے ذریعے پانی کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ہیڈ مرالہ پر ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جبکہ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کی سطح اور بہاؤ کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جدید ڈرون مانیٹرنگ نظام سے سیلابی خطرات کی بروقت نشاندہی، بہتر منصوبہ بندی اور ممکنہ نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں