دبئی کا “A Dubai Invite” پروگرام متعارف، غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے نئی اسکیم کا آغاز.

26

دبئی: دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم نے بین الاقوامی سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے لیے “A Dubai Invite” کے نام سے نیا نجی و عوامی اشتراکی پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق اس پروگرام کا مقصد دبئی میں مقیم رہائشیوں کو اپنے غیر ملکی دوستوں اور اہلِ خانہ کو دبئی آنے کی دعوت دینے کی ترغیب دینا ہے، تاکہ وہ شہر کے غیر رسمی سفیر کے طور پر سیاحت کے فروغ میں کردار ادا کر سکیں۔
حکومتی پالیسی کے تحت 20 جولائی سے 31 اکتوبر 2026 کے دوران اپنے دوستوں یا رشتہ داروں کو دبئی مدعو کرنے والے اہل رہائشیوں کو 3 ہزار درہم (تقریباً 800 امریکی ڈالر) سے زائد مالیت کی خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ ان مراعات میں ہوٹلوں میں رعایت، ریسٹورنٹس کے واؤچرز اور مختلف تفریحی مقامات کے مفت یا رعایتی داخلہ ٹکٹ شامل ہیں۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ علاقائی کشیدگی اور جنگی صورتحال کے باعث دبئی کے سیاحتی شعبے کو نمایاں نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد سیاحوں کی واپسی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے، تاہم ہوٹل انڈسٹری اب بھی بڑی حد تک مقامی مہمانوں پر انحصار کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ دبئی حکومت نے مئی میں جنگی اثرات اور کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے لیے 40 کروڑ امریکی ڈالر سے زائد کے معاشی امدادی پیکیج کی بھی منظوری دی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ “A Dubai Invite” پروگرام سے نہ صرف بین الاقوامی سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ ہوٹل، ریستوران، تفریح اور ریٹیل سمیت مختلف شعبوں میں معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں