مانسہرہ پاسپورٹ آفس میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، اہلکاروں سمیت 7 مشتبہ ایجنٹ گرفتار.

32

مانسہرہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے پاسپورٹ آفس مانسہرہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پاسپورٹ آفس کے بعض ملازمین سمیت 7 مشتبہ پاسپورٹ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 4 لاکھ 53 ہزار 500 روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ متعدد موبائل فون بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ ضبط شدہ موبائل فونز کو مزید تفتیش اور ڈیجیٹل فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں رکھا گیا ہے۔
حکام کے مطابق بعض مشتبہ پاسپورٹ آفس اہلکاروں اور معاون عملے کے موبائل فون بھی ضبط کر لیے گئے ہیں تاکہ ان سے ممکنہ شواہد حاصل کیے جا سکیں۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں سجاد گجر ولد محمد نقوی، محمد شعیب ولد میر زمان، سعید اختر ولد تاج محمد، دانش انور ولد انور زیب، سردار حماد یونس ولد محمد یونس، عبداللہ یونس ولد محمد یونس اور یونس ولد ولی محمد شامل ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ واقعے کی باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ حکام کے مطابق ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پاسپورٹ اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لیے صرف قانونی طریقہ کار اختیار کریں اور غیر قانونی ایجنٹس یا دلالوں سے مکمل اجتناب کریں۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کے دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں