ایبٹ آباد: خیبر پختونخوا زرعی انکم ٹیکس ایکٹ 2025 پر عمل درآمد کے حوالے سے ریونیو سٹاف کے لیے ایک اورینٹیشن سیشن جلال بابا اڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقد ہوا۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے سیشن میں خصوصی شرکت کی۔
سیشن میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) سرمد سلیم اکرم، ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم خان، اسسٹنٹ کمشنرز، گرداور، تحصیلداروں اور ریونیو سٹاف نے شرکت کی۔سیشن کے دوران زری انکم ٹیکس کی اسیسمنٹ اور ریونیو سٹاف کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا زری انکم ٹیکس ایکٹ 2025 صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے اور زرعی شعبے میں شفاف مالی نظم قائم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیکس وصولی کے عمل میں شفافیت اور دیانت داری کو یقینی بنائیں۔
کمشنر ہزارہ نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سطح پر آگاہی مہمات کے ذریعے کسانوں کو ٹیکس قوانین سے باخبر کیا جائے تاکہ اعتماد کی فضا قائم ہو اور صوبائی ریونیو میں اضافہ ممکن ہو۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ ہر طبقہ اپنی آمدن کے مطابق قومی ترقی میں حصہ ڈالے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ریونیو کا مؤثر اور منظم کردار ہی مالی نظم و ضبط اور صوبائی ترقی کی بنیاد ہے۔سیشن میں بتایا گیا کہ ایکٹ کے مطابق چھ لاکھ روپے سے زائد زرعی آمدن والوں پر یہ ٹیکس لاگو ہوگا۔