ایبٹ آباد : ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم نے سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول جھنگی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پانی کے بورنگ سسٹم اور واش فسیلٹیز منصوبے کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ریجنل پروگرام منیجر SRSP زیبر ایوب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔یہ منصوبہ تقریباً 2 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جس میں سکول کے لیے پانی کے بور کی فراہمی، واش رومز کی ری ہیبلیٹیشن اور صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کی تکمیل پر دعا کی اور سرحد رورل سپورٹ پروگرام کی جانب سے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو سراہا۔
ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے باہمی تعاون سے عوامی فلاح کے مزید منصوبے شروع کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے سکول انتظامیہ کے ہمراہ مختلف حصوں کا معائنہ کیا، کمپیوٹر لیب کا دورہ کیا۔
طلبہ سے ملاقات کی اور سکول میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں نجی اور سماجی تنظیموں کے اشتراک کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے عوامی خدمات کے تسلسل میں اہم سنگ میل قرار دیتی ہے۔