ایبٹ آباد : ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد شمیم اللہ نے سیر شرقی کے علاقے میں مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کا معائنہ کرتے ہوئے ملٹی اسٹوری بلڈنگز، ہل کٹنگ اور جنگلاتی اراضی پر تجاوزات کا نوٹس لے لیا۔
یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایت پر صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ اور عوامی ایجنڈے کے تحت عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر ٹی ایم او لورا بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے زین اپارٹمنٹس، بلیو پائن تھری، بلیو پائن، ارمگولا ہاؤسنگ سوسائٹی، چہاں ہاؤسنگ سوسائٹی، سنیرٹی پلک اور سنورا پلک سمیت مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کے مالکان اور مینیجران کو ہدایت کی گئی کہ وہ تین دن کے اندر اپنے منصوبوں کا مکمل ریکارڈ، این او سی اور دیگر ضروری دستاویزات دفتر میں جمع کروائیں، تاکہ ضابطے کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات نے پہلے ہی زین اپارٹمنٹس کو ریزروڈ فارسٹ لینڈ پر 1 کنال 5 مرلہ قبضے کے الزام میں نوٹس جاری کر رکھا ہے، جو اس وقت عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔
مزید برآں، ٹی ایم او لورا کی جانب سے محکمہ جنگلات اور ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بغیر این او سی جاری کرنے کے معاملے پر بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تمام دستاویزات موصول ہونے کے بعد اگلے مراحل کا تعین کیا جائے گا۔