مانسہرہ: ایس پی ٹریفک مانسہرہ شہزادی نوشاد گیلانی نے لائسنس برانچ تھانہ صدر ٹاؤن شپ کا خصوصی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ہفتہ وار ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد تھا، جس میں اشاروں کا آن لائن ای ٹیسٹ، فزیکل ڈرائیونگ ٹیسٹ برائے موٹر کار، جیپ اور موٹر سائیکل شامل تھے۔
ایس پی ٹریفک نے تمام امیدواروں کے ای ٹیسٹ اور پریکٹیکل ٹیسٹ اپنی براہِ راست نگرانی میں لیے۔ کامیاب امیدواروں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ ناکام امیدواروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ آئندہ ٹیسٹ میں بہتر تیاری کے ساتھ شریک ہوں۔
دورے کے دوران ایس پی ٹریفک نے امیدواروں اور سائلین کو محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں سے متعلق تفصیلی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور حضرات ہمیشہ سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں، رفتار کی حد کا خیال رکھیں، موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں،موٹر سائیکل سوار ھلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں اور پیدل چلنے والوں کے حقوق کا احترام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ ایک ذمہ داری ہے، جس میں احتیاط، قانون کی پابندی اور صبر بنیادی عناصر ہیں۔ شہری ٹریفک قوانین پر عمل کر کے نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان و مال کی حفاظت بھی یقینی بنائیں۔
ایس پی ٹریفک شہزادی نوشاد گیلانی نے واضح کیا کہ تمام ڈرائیونگ لائسنس وہ اپنی نگرانی میں مکمل میرٹ پر جاری کریں گی۔
ایس پی ٹریفک نے لائسنس برانچ کے عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔