بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں میں ریوارڈ اور تعریفی اسناد تقسیم

30

ایبٹ آباد: ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و جوانوں میں ریوارڈ اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈیوٹی کے دوران شاندار کارکردگی، جرائم کے خاتمے، بروقت کارروائیوں اور عوامی سروس ڈیلیوری میں نمایاں خدمات انجام دینے والے پولیس افسران و جوانوں میں تعریفی اسناد اور ریوارڈ تقسیم کیے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او ہارون رشید خان نے کہا کہ فرض شناسی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ مہارت پولیس فورس کی اصل پہچان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن اہلکاروں نے اپنی ذمہ داریاں جذبے، محنت اور دیانتداری کے ساتھ نبھائیں، وہ دادِ تحسین کے مستحق ہیں۔

ڈی پی او نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی پر انعامات دینے کا مقصد اہلکاروں کے حوصلے بلند کرنا اور باقی فورس کو بھی بہترین کارکردگی کی ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے امیدوار ظاہر کیا کہ ایبٹ آباد پولیس آئندہ بھی اسی لگن اور عزم کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

تقریب کے آخر میں افسران و اہلکاروں کو اسناد اور نقد ریوارڈز پیش کیے گئے، جبکہ ڈی پی او نے انہیں مستقبل میں بھی بہترین کارکردگی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں