ایبٹ آباد میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ کا نفاذ صرف مساجد تک ہی محدود، فسق و فجور کی محفلوں کو کھلی چھٹی

74

ایبٹ آباد میں لائوڈ اسپیکر ایکٹ کا نفاذ صرف مساجد تک ہی محدود، فسق و فجور کی محفلوں کو کھلی چھٹی۔ یونین کونسل اربن ملک پورہ سمیت پورے ضلع کے جید علماء اور دینی و سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ ناچ گانوں کی محفلوں کو کس قانون اور ضابطے کی بنا پر کھلی چھٹی دی ہوئی ہے۔

آئے روز مہندی و شادی میں فل لوڈ اسپیکر لگا کر ناچ گانے کی محفلیں منعقد ہوتی ہیں اور پورے علاقے کا سکون غارت کیا جا رہا ہے۔ کیا ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور تھانوں کے انچارج صاحبان کو یہ سب کچھ نظر نہیں آتا؟

اگر کسی مسجد میں اذان اور فوتگی کے اعلان کے علاوہ کوئی دینی پروگرام کیا جائے تو متعلقہ تھانہ انچارج فوراً ایکشن لیتے ہیں، مساجد انتظامیہ اور امام صاحبان کو لائوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائی کی دھمکی دے کر لوڈ اسپیکر بند کروا دیتے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف ناچ گانے کی محفلوں کو ہر طرح کی آزادی دی جا رہی ہے۔ رات بھر فل لوڈ اسپیکر اور ڈیگ لگا کر پورے علاقے کا سکون تباہ کرنے والوں کو نہ تو تھانہ انچارج پوچھتا ہے اور نہ ہی کوئی ضلعی پولیس افسر۔

دینی اور سماجی حلقوں نے کمشنر ہزارہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ جس طرح شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں ہوائی فائرنگ پر پابندی ہے، اسی طرح ناچ گانے کی محفلوں کو گھروں کے اندر کمروں تک محدود کیا جائے تاکہ بچوں اور بیمار افراد کو پرسکون ماحول میسر ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں