شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ، ہزارہ ریجن

ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی کی زیر قیادت ہزارہ ریجن کے تمام اضلاع کے ضلعی پولیس افسران کے ساتھ امن و امان کی مجموعی صورتحال، جرائم کے خاتمے اور عوام کو فراہم کی جانے والی پولیس سہولیات میں مزید بہتری کے حوالے سے ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہزارہ ریجن کے تمام ڈی پی اوز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈی آئی جی ہزارہ نے ریجن بھر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں پر ڈی پی اوز سے جامع بریفنگ حاصل کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ہزارہ نے ہدایت کی کہ ملک دشمن عناصر، سنگین جرائم میں ملوث گروہوں، منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان اور دیگر سماج دشمن عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس معلومات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مؤثر اور بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
پولیس سہولت مراکز کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ہزارہ نے کہا کہ پولیس سہولت مراکز خیبرپختونخوا پولیس کا ایک احسن اور عوام دوست اقدام ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کی ہدایات کے مطابق تمام اضلاع کے تمام سرکلز میں مزید پولیس سہولت مراکز کے قیام کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام ان سہولیات سے بھرپور استفادہ کر سکیں اور پولیس سروس ڈیلیوری کا نظام مزید آسان، مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
آنے والے ماہِ رمضان المبارک کے حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر، منظم اور فول پروف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو عبادات اور روزمرہ معمولات کے دوران مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ مساجد، امام بارگاہوں، تراویح کے اجتماعات، افطار پوائنٹس، بازاروں، شاپنگ مالز اور دیگر رش والی جگہوں پر سخت سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے، گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور افطار و تراویح کے اوقات میں پولیس موبائل پٹرولنگ میں نمایاں اضافہ کیا جائے۔ شاپنگ مالز اور خرید و فروخت کی جگہوں پر لیڈی پولیس کی گشت کو یقینی بنایا جائے جبکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔