ایبٹ آباد: تیزاب گردی کیس کا فیصلہ، ملزم کو 14 سال قید کی سزا.

106

ایبٹ آباد کی سیشن عدالت نے تھانہ نواں شہر میں درج تیزاب گردی کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم صدیق عباسی کو 14 سال قید کی سزا سنا دی۔ یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 131، مورخہ 17 فروری 2025 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے ذاتی رنجش کی بنا پر ایک خاتون پر تیزاب پھینکا جس کے نتیجے میں خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ واقعے کے فوراً بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ بعد ازاں ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران سیشن کورٹ اور بعد ازاں ہائی کورٹ نے بھی ملزم کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ باقاعدہ ٹرائل کے دوران استغاثہ کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد، میڈیکل رپورٹس اور گواہان کے بیانات کی روشنی میں معزز ایڈیشنل سیشن جج نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 14 سال قید کی سزا کا حکم سنایا۔
مدعیہ یاسمین بی بی کی جانب سے نصیر احمد خان تنولی ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی اور عدالت میں مؤثر دلائل پیش کیے۔ فیصلے کو متاثرہ خاتون اور اس کے اہل خانہ کے لیے انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے جرائم کے خلاف سخت سزائیں معاشرے میں مثبت پیغام دیتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں