پی ٹی آئی کا ہزارہ ایکسپریس وے پر احتجاج، سڑک بندش سے مریض اور مسافر شدید مشکلات کا شکار.

13

حویلیاں: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے حویلیاں انٹرچینج کے قریب ہزارہ ایکسپریس وے پر دھرنا دے کر مرکزی شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا۔ مظاہرین نے سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور آمد و رفت کئی گھنٹوں تک معطل رہی۔
احتجاج کی قیادت سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے بھتیجے احمد سلیم سواتی کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جماعت کی اعلیٰ قیادت کے فیصلوں کے مطابق احتجاج جاری رکھیں گے اور جب تک مرکزی قیادت کی جانب سے ہدایات موصول نہیں ہوتیں، موٹروے بند رہے گی۔
سڑک کی بندش کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض مریضوں کو ایمبولینسوں سے اتار کر سٹریچروں پر منتقل کیا گیا تاکہ انہیں متبادل راستوں سے اسپتال پہنچایا جا سکے۔ مسافروں، خواتین اور بچوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کئی گاڑیاں گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسی رہیں۔
موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے، تاہم سڑک کو فوری طور پر کھلوانے کے لیے کسی بڑے آپریشن یا طاقت کے استعمال کی اطلاع نہیں ملی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اہلِ علاقہ، تاجروں اور مسافروں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی احتجاج کے دوران شاہراہوں کی مکمل بندش سے گریز کیا جائے تاکہ عام شہریوں، مریضوں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری اقدامات کر کے ٹریفک کی روانی بحال کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں