حویلیاں یونیورسٹی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی طلبہ تنظیم آئی ایس ایف (ISF) کے رہنما عبداللہ خان کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے باقاعدہ طور پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی میں مختلف شعبوں کے تجربہ کار افسران کو شامل کیا گیا ہے، جو وقوعہ کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ شواہد اکھٹے کرے، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرے اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین کر کے جلد از جلد رپورٹ پیش کرے۔
ڈی پی او ہارون رشید خان کا کہنا ہے کہ کیس کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔
یہ پیش رفت عبداللہ خان کے اہل خانہ اور طلبہ تنظیم کی جانب سے شفاف تحقیقات کے مطالبے کے بعد سامنے آئی ہے، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
حویلیاں یونیورسٹی قتل کیس: ڈی پی او ایبٹ آباد کی ہدایت پر جے آئی ٹی تشکیل.
24