پھلڑہ/پڈھانہ: پولیس فائرنگ واقعے پر تناؤ، امن کی بحالی کے لیے 17 فروری کو گرینڈ جرگہ طلب.

20

ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل تناول کے علاقے پڈھانہ میں مبینہ پولیس فائرنگ کے نتیجے میں ایک بے گناہ شہری کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے بعد علاقے کی فضا شدید کشیدہ ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ تھانہ پھلڑہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں ایس ایچ او کی فائرنگ سے شہری کی موت واقع ہوئی، جس پر اہلِ علاقہ میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد مقامی آبادی کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے شفاف تحقیقات، ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ حالات کی نزاکت کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ کشیدگی کم کرنے کے لیے عمائدینِ علاقہ بھی متحرک ہو گئے ہیں۔
سابق صوبائی وزیر جنگلات خیبرپختونخوا، حاجی ابرار حسین تنولی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت افسوسناک قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے اعلان کیا کہ علاقے میں امن و امان کی بحالی اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے 17 فروری 2026 بروز منگل دن 3 بجے بمقام جندہ پڈھانہ تناول ایک گرینڈ جرگہ منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جرگے میں آل پاکستان تنولی اتحاد سمیت تناول میں آباد تمام اقوام، برادریوں کے عمائدین، سماجی و سیاسی شخصیات اور معززین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ باہمی مشاورت سے متفقہ لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں