بٹگرام: تھانہ سٹی پولیس نے ایک اہم اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے بجلی ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری کرنے میں ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔ اس واردات کے باعث علاقے کی بڑی آبادی شدید متاثر ہوئی تھی اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بٹگرام، قمر حیات خان (PSP) نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ڈی پی او کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تھانہ سٹی پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قلیل وقت میں کامیاب کارروائی انجام دی۔
کارروائی کے دوران بجلی کی قیمتی ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری کرنے میں ملوث دو ملزمان، طارق عزیز ولد سیف الرحمن اور عابداللہ ولد حبیب سکنان اجمیرہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ تاریں بھی برآمد کر لیں، جس سے کیس میں اہم پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں انکشافات متوقع ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے عندیہ ملا ہے کہ اس واردات میں مزید افراد بھی ملوث ہو سکتے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔
🔴 بٹگرام پولیس کی بڑی کارروائی: بجلی ٹرانسمیشن لائن کی تاریں چوری کرنے والے ملزمان گرفتار
24