⛽ اوگی میں پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ، انتظامیہ کا سخت ایکشن.

23

مانسہرہ (نمائندہ خصوصی)
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر اوگی محمد علی نے تحصیل اوگی میں قائم مختلف پٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران پٹرول کی دستیابی، اسٹاک پوزیشن، فروخت کے طریقہ کار اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود پمپ مالکان اور عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ پٹرول کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے یا زائد نرخ وصول کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران پیمائش کے آلات بھی چیک کیے گئے تاکہ شہریوں کو مکمل اور شفاف مقدار میں پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام پمپس پر سرکاری نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے اور فروخت کا مکمل ریکارڈ مرتب رکھا جائے تاکہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے متحرک ہے اور ایسے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ کسی بھی بے ضابطگی، اوورچارجنگ یا کم پیمائش کی صورت میں فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں