ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی): ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی خصوصی ہدایات پر ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ نے تھانہ سٹی کی حدود شملہ پہاڑی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس کا مقصد شہریوں کے مسائل کو براہ راست سن کر فوری حل فراہم کرنا تھا۔
کھلی کچہری میں ڈی ایس پی کینٹ طاہر سلیم، ایس ایچ او تھانہ سٹی کیڈٹ محمد نواز سمیت معززین علاقہ، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہریوں نے امن و امان، ٹریفک مسائل، منشیات کے خاتمے، لینڈ ڈسپیوٹس، اور دیگر سماجی و قانونی مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں۔
ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ نے شہریوں کے مسائل نہایت توجہ اور سنجیدگی سے سنے۔ اس موقع پر متعدد درخواستوں پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو بروقت کارروائی کی ہدایت دی گئی، جبکہ دیگر پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں سے رابطہ کر کے جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔
اپنے خطاب میں ایس پی کینٹ نے کہا کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور کھلی کچہریوں کا انعقاد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے کمیونٹی پولیسنگ ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
کھلی کچہری میں شریک عوامی حلقوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید بحال ہوتا ہے۔



آخر میں ایس پی کینٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ جرائم کی نشاندہی کریں، پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ایک پرامن اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
ایبٹ آباد میں کھلی کچہری، ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کا عوامی مسائل کے فوری حل کا عزم.
10