ہزارہ موٹروے پر بڑی کارروائی، کروڑوں مالیت کی قیمتی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

24

ایبٹ آباد (پریس ریلیز) — محکمہ جنگلات کے ایس ڈی ایف او پیٹرول اسکواڈ نے لوئر ہزارہ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے ہزارہ موٹروے پر قیمتی لکڑی کی غیر قانونی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران ایک ٹرک اور ٹویوٹا ہائی ایس کو قبضے میں لے لیا گیا جبکہ کروڑوں روپے مالیت کی لکڑی برآمد کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق منگل کی شب پیٹرول اسکواڈ نے مخبرِ خاص کی اطلاع پر بروقت ایکشن لیا۔ اطلاع میں بتایا گیا تھا کہ قیمتی جنگلاتی لکڑی کو غیر قانونی طور پر ہزارہ سے پنجاب منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس اطلاع پر فوری ناکہ بندی کی گئی اور مشتبہ گاڑیوں کو روک کر تلاشی لی گئی۔
کارروائی کے دوران حکام نے ایک ٹرک اور ٹویوٹا ہائی ایس سے بڑی مقدار میں قیمتی لکڑی برآمد کی، جسے چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ٹیم نے موقع پر موجود ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور تمام سامان اپنی تحویل میں لے لیا۔
محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف فارسٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی بھی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب کنزرویٹر جنگلات ہزارہ کی تعیناتی کے بعد علاقے میں ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ عوامی حلقوں نے محکمہ جنگلات کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جنگلات کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں