خیبر پختونخوا میں غیر رجسٹرڈ اور ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز.

21

پشاور (پریس ریلیز) — محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے غیر رجسٹرڈ گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام ایسے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے جن کی گاڑیاں یا موٹرسائیکلیں غیر رجسٹرڈ ہیں یا جنہوں نے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا، وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل کروائیں اور بقایا جات ادا کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق جاری کریک ڈاؤن کے دوران نہ صرف غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا بلکہ ٹوکن ٹیکس نادہندگان کے خلاف جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے مختلف اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو سڑکوں پر ناکہ بندی اور چیکنگ کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گی۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد سرکاری محصولات میں اضافہ، قانون کی عملداری کو یقینی بنانا اور غیر قانونی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں