عمرکوٹ میں منشیات کے خلاف بڑا ایکشن: ایس ایس پی عزیر احمد میمن عہدے سے ہٹا دیے گئے.

37

عمرکوٹ: منشیات فروشوں کی مبینہ سرپرستی کے سنگین الزامات کے بعد ضلع عمرکوٹ کے ایس ایس پی عزیر احمد میمن کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس پیشرفت نے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی عزیر احمد میمن پر الزام ہے کہ وہ انسپکٹر خلیل کنبھار اور انسپکٹر افتخار باجوہ کے ساتھ مبینہ طور پر ضلع میں منشیات کے کاروبار کو جاری رکھنے میں سہولت کاری کرتے رہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ غیر قانونی نیٹ ورک ماہانہ کروڑوں روپے کے عوض چلایا جا رہا تھا، جس کے باعث علاقے میں منشیات کی دستیابی میں اضافہ ہوا اور نوجوان نسل شدید متاثر ہوئی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جب معاملہ منظرِ عام پر آیا تو خود کو بچانے کے لیے ماتحت افسران پر ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کی گئی، تاہم ابتدائی تحقیقات میں یہ حکمت عملی ناکام ثابت ہوئی۔ حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایس ایس پی کو عہدے سے ہٹا دیا اور معاملے کی جامع تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
اس معاملے کو صوبائی سطح پر بھی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔ شہریوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے ایم پی اے نواب تیمور تالپور کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے جنہوں نے اس اہم مسئلے کو اجاگر کیا اور متعلقہ حکام کی توجہ مبذول کروائی۔
حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افسران اور اہلکار بھی اس کارروائی کی زد میں آ سکتے ہیں۔ ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات کے ناسور کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں۔
میرپورخاص اور سندھ بھر کی مستند اور بروقت خبروں کے لیے ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں