بہاولپور: مدرسے میں مبینہ تشدد کے بعد 13 سالہ طالبعلم جاں بحق، قاری سمیت 3 افراد گرفتار.

33

پنجاب کے ضلع بہاولپور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں مدرسے میں زیرِ تعلیم 13 سالہ طالبعلم مبینہ تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہو گیا۔ واقعے نے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ مسافر خانہ اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت حسنین کے نام سے ہوئی ہے۔
متوفی کے دادا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ حسنین گزشتہ چھ ماہ سے مدرسے میں زیرِ تعلیم اور وہیں رہائش پذیر تھا۔ ان کے مطابق بچے پر مبینہ طور پر تشدد کیا گیا، جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔ پولیس نے مدرسے کے قاری سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس نے متوفی بچے کی لاش اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دی ہے، جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں