وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت، عوامی شکایات کے فوری ازالے پر زور.

26

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں شفاف، مؤثر اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی، نااہلی اور عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
کابینہ ارکان اور انتظامی سیکرٹریز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام محکمے اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں اور کرپٹ یا فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف قانون کے مطابق فوری اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب اور شفافیت ہی عوام کا اعتماد بحال کرنے کی بنیاد ہیں۔
سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ ہر سرکاری محکمہ اپنا کمپلینٹ سیل وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل کے ساتھ منسلک کرے تاکہ عوامی شکایات کی مؤثر نگرانی، فوری اندراج اور بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایات کے حل کا مربوط نظام عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ خود روزانہ کی بنیاد پر عوامی شکایات اور ان کے ازالے کا جائزہ لیں گے۔ اگر کسی بھی محکمہ کی جانب سے شکایات کے حل میں غیر ضروری تاخیر یا غفلت سامنے آئی تو متعلقہ افسران اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے انتظامی سیکرٹریز کو یہ بھی ہدایت کی کہ تمام محکمے رواں مالی سال کے دوران ڈسٹرکٹ فنڈڈ کمپوننٹ (DFC) اسکیموں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہ صرف سرکاری وسائل کے ضیاع کا باعث بنتی ہے بلکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی متاثر ہوتی ہے، اس لیے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں شفافیت، احتساب، اچھی حکمرانی اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو سرکاری اداروں سے مؤثر، بروقت اور معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں