محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کا الرٹ: 6 سے 10 جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی.

17

محکمہ موسمیات (PMD) اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 6 جولائی سے 10 جولائی تک بارشوں کے نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی پاکستان میں ایک فعال موسمی نظام داخل ہو رہا ہے، جس کے اثرات کے باعث آج 6 جولائی سے اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 7 سے 10 جولائی کے دوران بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، شمال مشرقی پنجاب، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں موسلادھار بارشیں ہو سکتی ہیں، جس سے شہری اور پہاڑی علاقوں میں مختلف خطرات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ برساتی ندی نالوں میں طغیانی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں کے نشیبی مقامات پر اربن فلڈنگ یا پانی جمع ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی، ضلعی اور مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں، ریسکیو ٹیموں، مشینری اور متعلقہ عملے کو الرٹ رکھا جائے، جبکہ حساس اور خطرناک مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو۔
اتھارٹی نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور پہاڑی راستوں پر خاص احتیاط برتیں، موسمی صورتحال سے مسلسل باخبر رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں