بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران سرحدی اضلاع میں مختلف آپریشنز کرتے ہوئے 1,686 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف سرحدی علاقوں میں کیے گئے 40 آپریشنز کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد میں سے 1,257 افغان باشندوں کی وطن واپسی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کو ملکی سلامتی، امن و امان اور معاشی استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج تصور کیا جاتا ہے، جس کے تدارک کے لیے سیکیورٹی ادارے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے اور ملکی قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ غیر قانونی نقل و حرکت، انسانی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا سلسلہ برقرار رکھا جائے گا۔
بلوچستان میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 1,686 افراد حراست میں.
26