وزیرِاعظم شہباز شریف کا سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار، حوثی حملوں کی شدید مذمت.

26

اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی، عزم اور مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور بحیرۂ احمر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران وزیرِاعظم نے بحیرۂ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے عالمی جہاز رانی، تجارتی نقل و حمل، علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، جبکہ پاکستان برادر ملک سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
وزیرِاعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے بحیرۂ احمر، آبنائے ہرمز اور عالمی سمندری تجارت کے محفوظ اور بلا تعطل تسلسل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں