پاکستان کا سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی، بحری مفادات کو نقصان پہنچانے پر سخت ردعمل کا انتباہ.

9

اسلام آباد: سعودی عرب اور یمن کے حوثی باغیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے اپنے بحری مفادات کے تحفظ اور سعودی عرب کی سلامتی کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار بحری جہازوں یا پاکستانی بحری مفادات کے خلاف کسی بھی معاندانہ اقدام کو قومی سلامتی اور قومی مفادات کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا۔
بیان میں پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کے تنازعے میں سعودی عرب کو گھسیٹنے کی کوششوں پر شدید تشویش رکھتا ہے اور برادر ملک کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون موجود ہے، اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں قریبی شراکت داری برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر مستقبل میں پاکستان اس تنازعے میں کسی بھی نوعیت کی فوجی مداخلت کرتا ہے تو اس کے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تاہم پاکستان کی جانب سے فی الحال کسی فوجی کارروائی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، بلکہ وزارتِ خارجہ نے صرف اپنے بحری مفادات کے تحفظ اور سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی کا مؤقف پیش کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں