امریکا: مشی گن میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد مردہ پائے گئے، پولیس کی تحقیقات جاری.

25

مشی گن: امریکی ریاست مشی گن میں ایک گھر سے میاں بیوی اور ان کے 6 بچوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 جولائی کو امدادی اہلکاروں کو ایک رہائشی گھر میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ موقع پر پہنچنے پر 47 سالہ شخص، اس کی 39 سالہ اہلیہ اور 5 سے 15 سال عمر کے 6 بچوں کی لاشیں ملیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تمام 8 افراد کی موت گولی لگنے سے ہوئی، جبکہ گھر کے مختلف حصوں میں جان بوجھ کر آگ لگائے جانے کے شواہد بھی ملے ہیں۔ آتشزدگی کے نتیجے میں گھر میں موجود پالتو جانور بھی ہلاک ہو گئے۔
تحقیقات کے دوران خاتون کی گزشتہ سال سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈٹ پر کی گئی چند تحریریں بھی سامنے آئی ہیں، جن میں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی میں مسائل اور شوہر کے مبینہ تعلقات کا ذکر کیا تھا۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی۔
حکام کے مطابق مقتول شخص نے چند روز قبل اپنی ملازمت کھو دی تھی، جبکہ خاتون مقامی اسکولوں میں متبادل استاد کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں