دبئی: متحدہ عرب امارات میں ویزا مسائل کا شکار افراد کے لیے دبئی امیگریشن نے خصوصی سہولتوں کا اعلان کرتے ہوئے متاثرہ افراد کو فوری طور پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دبئی امیگریشن کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ویزا مسائل میں گھرے افراد دبئی امیگریشن کے الویر سینٹر پہنچ کر اپنے مسائل سے آگاہ کریں، جہاں انہیں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جن افراد کے پاس رہائش نہیں، انہیں عارضی رہائش فراہم کی جائے گی، جبکہ ضرورت مندوں کو مفت کھانے پینے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مفت طبی معائنہ اور دانتوں کے علاج کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد احمد المری کے مطابق وطن واپسی کے خواہشمند افراد کو بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ ان کی مشکلات کا بروقت حل نکالا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دبئی میں پھنسے سیاحوں اور روزگار کی تلاش میں آنے والے افراد کی رہنمائی اور معاونت کے لیے ایک نیا سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دبئی آنے والے سیاح اور ملازمت کے متلاشی افراد مہمان ہیں اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دبئی امیگریشن کا ویزا مسائل میں گھرے افراد کے لیے بڑا اعلان، فوری رابطے کی ہدایت
24